خریداری مراکز پر کسان مشکلات کا شکار :ہریش راﺅ چار کسانوں کی موت کےلئے حکومت ذمہ دار ‘چیف منسٹر ریونت ریڈی پر شدید تنقید
Farmers facing difficulties at procurement centers: Harish Rao Government responsible for the death of four farmers; strong criticism of Chief Minister Revanth Reddy.

حیدرآباد۔5مئی (آداب تلنگانہ نیوز)سابق ریاستی وزیر ورکن اسمبلی سدی پیٹ ہریش راﺅنے ریاست میں دھان کے خریداری مراکز میں چار کسانوں کی موت کو کانگریس حکومت کی طرف سے قتل قرار دیا اور الزام عائد کیاکہ دھان کی خریدی میں تاخیر اور حکومت کی لاپرواہی کے باعث کسانوں کو نامساعد حالات میں متعددیوم تک انتظار پر مجبور ہونا پڑرہاہے۔زرعی مارکٹ میں بارش سے تباہ شدہ دھان کامعائنہ کرنے کے بعد ہریش راﺅ نے سدی پیٹ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کی۔انہوںنے کہاکہ ایک ایسے وقت جبکہ کسان خریداری مراکز پر مشکلات کا شکار ہیں وہیں دوسری طرف چیف منسٹر اے ریونت ریڈی مس ورلڈ جیسے پروگرامس پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔انہوںنے چیف منسٹر کو شدید تنقید کانشانہ بنایا اور مطالبہ کیاکہ حکومت متوفی کسانوں کے ورثاءکو 5لاکھ روپئے ایکس گریشیا فراہم کرے۔انہوںنے کہاکہ کسان اپنی پیداوار کو بارش اور سرقہ سے محفوظ رکھنے کےلئے خریداری مراکز میں شب بیداری پر مجبور ہےں۔تارپولین ‘تھیلے ‘حمالوں کی کمی کے باعث کسان کئی مشکلات کا سامناکررہے ہیں۔ہریش راﺅ نے مارکٹنگ عہدیداروں سے بات کی اور دھان کو رائس ملوں تک پہنچانے کےلئے حمالوں اور لاریوں کے انتظام میں تاخیر پر استفسار کیا۔انہوںنے الزام عائد کیاکہ عہدیداران اور ملرس دھان میں نمی اور معیار کے مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے غیر منصفانہ طور پر فی کنٹل کےلئے 5تا8کیلو گرام کی کٹوتی کررہے ہیںجوکہ کسانوں کے ساتھ سنگین ناانصافی کے مترادف ہے۔ہریش راﺅ نے کہاکہ کانگریس قائدین جب اپوزیشن میں تھے تب وہ خریداری مراکزکا دورہ کرتے تھے۔تاہم اب خریداری مراکز کے دورہ سے گریز کررہے ہیں کیوںکہ حکومت کسانوں کے مسائل کی یکسوئی میں بالکلےہ طور پرناکام ہوچکی ہے۔ہریش راﺅ نے تردھان کی فی الفورخریداری کا مطالبہ کیا تاکہ دھان کو مزید خراب ہونے سے بچایاجاسکے۔انہوںنے کسانوں کو رقم کی ادائیگی میں تاخیر کےلئے بھی حکومت کو مورد الزام ٹھہرایا اور کہاکہ خریداری کے دس دن گزر جانے کے باوجود بھی کسانوں کو رقم نہیں مل رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ اس سے وزیر زراعت ناگیشورراﺅ کے اس دعوے کی تردید ہوتی ہے کہ کسانوں کو اندرون 48گھنٹے ادائیگیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔ہریش راﺅ نے الزام عائد کیاکہ کانگریس نے زرعی قرضہ جات کی معافی ‘رعیتو بھروسہ اسکیم کے تحت مالی امداد کی فراہمی جیسے وعدوں کو پورا نہ کرتے ہوئے کسانوں کو دھوکہ دیاہے۔ہریش راﺅ نے کسانوں سے بات چیت کی اور خریداری مراکز میں کسانوں کو درپیش مشکلات سے واقفیت حاصل کی۔