تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

ہندوستان کبھی غلط قدم نہیں اٹھاتا،ہماری لڑائی دہشت گردوں کے خلاف ہے

یہ دھرم یدھ ہے: رکن کونسل کویتا

ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں مس ورلڈ مقابلے ملتوی کئے جائیں
ہندوستان کبھی غلط قدم نہیں اٹھاتا،ہماری لڑائی دہشت گردوں کے خلاف ہے
وعدوں کی تکمیل سے قاصر چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مستعفی ہو جانا چاہئے
آپریشن سندور کی تائید و حمایت اور فوج کے ساتھ اظہار یگانگت کے لئے عظیم الشان ریالی
صدر تلنگانہ جاگروتی ورکن قانون ساز کونسل بی آر ایس کلواکنٹلہ کویتا کا خطاب

حیدرآباد، 9 مئی: صدرتلنگانہ جاگروتی و رکن قانون ساز کونسل بی آر ایس کلواکنٹلہ کویتا نے ریاستی حکومت سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ ریاست میں منعقد شدنی مس ورلڈ مقابلوں کو فوری طور پر ملتوی کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں موجودہ جنگی حالات کے تناظر میں مقابلےحسن کا انعقاد نامناسب پیغام ہوگا۔ جس طرح سکیورٹی خدشات کی بناء پر آئی پی ایل کو ملتوی کیا گیا اسی طرح مس ورلڈ مقابلوں کو بھی موخر کیا جانا چاہئے تاکہ ریاست پر کوئی بدنامی نہ آئے۔ کویتا نے کہا کہ یہ دانشمندی اور دور اندیشی سے کام کرنے کا وقت ہے، ہمیں کسی بھی قسم کا غلط تاثر یا پیغام نہیں دینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ یہ دھرم یدھ ہے ۔ بھارت کبھی غلط قدم نہیں اٹھاتا۔ ہم صرف اصول اور ایمانداری کے ساتھ لڑ رہے ہیں۔ ہماری کارروائیاں پاکستان کے معصوم عوام کے خلاف نہیں بلکہ صرف دہشت گردوں کے خلاف ہیں۔آپریشن سندور کی حمایت اور بھارتی فوج سے اظہار یگانگت کے طور پر آج تلنگانہ جاگروتی کی جانب سے اندرا پارک سے آر ٹی سی کراس روڈ تک ایک عظیم الشان ریالی نکالی گئی، جس کی قیادت کویتا نے کی۔ اس موقع پر سرحد پر اپنی جان قربان کرنے والے سپاہی مرلی نائک کی تصویر پر پھول مالا چڑھا کر ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔کویتا نے کہا کہ آپریشن سندور کے ذریعہ بھارتی فوج نے پاکستان میں دہشت گردوں کے 9اڈوں کو کامیابی سے تباہ کیا۔ ہماری فوج کی بدولت ہمیں تحفظ حاصل ہے اور ہم نے یہ ریالی ان کی حوصلہ افزائی کے لئے نکالی ہے۔ پاکستان نے ہمارے ملک کے ایئرپورٹس کو نشانہ بنانے کی کوشش کی ، جس کا بھارتی فوج نے سخت جواب دیا۔ انہوں نے تمام اضلاع میں بھی ایسی ہی ریالیاں نکالنے کی اپیل کی۔ایک صحافی کے سوال پر کویتا نے کہا کہ اگر موجودہ وزیر اعلیٰ ریاست کی آمدنی بڑھانے میں ناکام ہیں اور کانگریس پارٹی کے انتخابی وعدوں کو پورا کرنے سے قاصر ہیں تو وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کو فوری طور پر مستعفی ہوجانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین اور عوام صرف کانگریس کے منشور میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا مطالبہ کر رہے ہیں، کوئی اضافی خواہشات پیش نہیں کر رہےہیں۔ کویتا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی گفتگو سمجھ سے بالاتر ہے اور وہ ریاست کی ساکھ کو مجروح کر رہے ہیں، جس پر عوام ان کا مذاق اڑا رہے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button