تفریح ؍ شو بزشہر کی خبریں

مس ورلڈ کی حسیناؤں کی12 مئی کو تلنگانہ کے ناگرجناساگر اور بدھاونم کی سیر

مس ورلڈ 2024 کے عالمی مقابلہ میں حصہ لینے والی حسینائیں 12 مئی کو تلنگانہ کے ضلع نلگنڈہ میں واقع تاریخی مقام ناگرجنا ساگر اور وہاں قائم بدھا ونم پارک کا دورہ کریں گی۔ اس روحانی سفر کا مقصد ہندوستان کی عظیم تہذیبی و فکری وراثت سے عالمی برادری کو روشناس کروانا ہے۔’بدھا ونم‘ ایک وسیع و عریض بدھ مت تھیم پارک ہے جو دریائے کرشنا کے کنارے ناگرجناساگر میں واقع ہے۔ یہاں گوتم بدھ کی حیات، ان کی تعلیمات اور بدھ مت کی عالمی توسیع کو فنِ تعمیر، مجسمہ سازی اور دستاویزی معلومات کے ذریعہ پیش کیا گیا ہے۔ پارک میں اشوک چکر، جٹک کتھائیں، مہاتما بدھ کے مختلف زندگی کے مراحل اور دنیا بھر کے بدھ مت مراکز کے ماڈلس شامل ہیں۔اس دورہ کے ذریعہ مس ورلڈ کے امیدوار نہ صرف بدھ مت کی امن و آشتی کی تعلیمات سے متاثر ہوں گی بلکہ انہیں ہندوستان کے تہذیبی تنوع اور روحانی گہرائیوں کا براہِ راست مشاہدہ کرنے کا موقع بھی ملے گا۔ یہ اقدام تلنگانہ کے سیاحت و ثقافت کے فروغ کی کوششوں کا حصہ ہے تاکہ دنیا کو ریاست کے روحانی، تاریخی اور ثقافتی مقامات سے روشناس کروایا جا سکے۔ محکمہ سیاحت تلنگانہ اس روحانی سفر کا میزبان ہے، جس میں تمام مہمانوں کے لئے خاص رہنمائی، ثقافتی پروگرام اور مقامی فنون کے مظاہرے بھی ترتیب دیئے گئے ہیں۔ تلنگانہ حکومت کے اعلیٰ عہدیدار ان کا استقبال کریں گے۔ اس طرح کے بین الاقوامی دورے نہ صرف سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں بلکہ عالمی سطح پر ہندوستان کی قدیم روحانیت اور بین المذاہب ہم آہنگی کا مثبت پیغام بھی دیتے ہیں۔

متعلقہ مضامین

یہ بھی چیک کریں۔
Close
Back to top button