تلنگانہ میں مس ورلڈ مقابلہ۔ ثقافت، ماحولیات اور عالمی محبت کا جشن

تلنگانہ نے عالمی سطح پر اپنی ثقافتی، ماحولیاتی اور سیاحتی خوبصورتی کو اجاگر کرنے کے لئے ایک انوکھا موقع حاصل کیاہے۔ 72ویں مس ورلڈ مقابلہ حسن کے تحت دنیا بھر کی مختلف ممالک کی خوبصورت لڑکیاں ریاست میں جمع ہوئی ہیں جنہوں نے نہ صرف حسن بلکہ ذہانت، فنون اور ماحولیاتی شعور کا بھی مظاہرہ کیا۔ تلنگانہ حکومت نے مس ورلڈ 2025 کو ایک ایسی تقریب بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، جو صرف مقابلہ حسن نہیں بلکہ عالمی ثقافتوں کے تبادلے اور ماحول کی بقا کا پیغام بھی ہو۔مس ورلڈ کی حسینائیں تلنگانہ کے ثقافتی ورثہ سے روشناس ہوئیں، جہاں انہیں روایتی رقص، موسیقی اور دستکاریوں کا عملی مظاہرہ دکھایا گیا۔ خاص طور پر انہوں نے جدید اور تاریخی تلنگانہ کی جھلک دیکھی۔ ماحولیاتی نقطہ نظر سے یہ مقابلہ کئی پہلووں سے اہم ہے۔ مس ورلڈ مقابلہ کی کامیابی میں تلنگانہ کی سرکاری سرپرستی نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے نہ صرف پروگرام کے انتظامات کو موثر بنایا بلکہ عالمی مہمانوں کے لئے ہر سہولت بھی فراہم کی۔ اس تقریب کے ذریعہ ریاست نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ تلنگانہ میں ثقافت اور جدیدیت کے سنگم کے ساتھ ماحولیات کا بھی خیال رکھا جاتا ہے۔ عالمی حسیناؤں کومختلف پروگراموں میں حصہ لے کر تلنگانہ کی رنگینی اور حسن کو بھی محسوس کروایاگیا۔اس موقع پر تلنگانہ کے محکمہ سیاحت نے خصوصی پروگرام ترتیب دیئے جن میں تلنگانہ کھانوں کا فیسٹیول، روایتی دستکاریوں کی نمائش اور ماحول دوست سیاحتی سرگرمیاں شامل تھیں۔ مس ورلڈ کے شرکاء نے اس سے نہ صرف اپنے ذائقہ کی تسکین کی بلکہ مقامی ثقافت کی گہرائیوں میں بھی غوطہ لگایا۔ اس تقریب کا اثر تلنگانہ کی بین الاقوامی پہچان میں بھی نمایاں رہے گا، جس سے آنے والے برسوں میں سیاحت اور بین الاقوامی تعلقات کو فروغ ملے گا۔تلنگانہ کی یہ کاوش مستقبل کے لئے ایک مثال ہے کہ کس طرح عالمی ایونٹس کے ذریعہ علاقائی خصوصیات کو عالمی سطح پر روشناس کرایا جا سکتا ہے۔ مس ورلڈ 2025 کا انعقاد نہ صرف تلنگانہ بلکہ پورے ملک کے لئے باعث فخر ہے، جہاں ثقافت، حسن اور ماحولیات کو ایک ساتھ منایا گیا۔