پرانے شہر میں صفِ ماتم: گلزار حوض میں آگ سے تا حال 16 ہلاکتیں
زیورات کی دکان سے اُٹھا شعلہ، پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا

حیدرآباد کے پُرانے شہر کے علاقہ گلزار حوض میں عمارت میں خوفناک آگ،16افرادزندہ جھلس کرہلاک
حیدرآباد کے پُرانے شہر کے علاقہ گلزار حوض میں ایک عمارت میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجہ میں 16افرادزندہ جھلس کرہلاک ہوگئے۔عثمانیہ اسپتال کے ریزیڈنٹ میڈیکل آفیسر(آرایم او) وجئے کماریادو نے بتایا کہ اتوار کی صبح پیش آئے اس واقعہ میں 6افرادزندہ جھلس کرہلاک ہوگئے۔انہوں نے کہاکہ ایک جھلسے ہوئے شخص کو عثمانیہ اسپتال میں داخل کروایاگیا ہے جبکہ دیگر کو قریبی پرائیویٹ اسپتال لے جایاگیا۔ فائر ڈپارٹمنٹ کے حکام نے بتایا ہے کہ عمارت میں لگی شدید آگ کے نتیجہ میں تقریباً 15 افراد بری طرح جھلس گئے ہیں، جب کہ 10 افراد معمولی طورپر جھلسے۔حیدرآبادڈیزاسٹررسپانس اینڈ ایسٹ پروٹکشن ایجنسی(حیدرا) کی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس ٹیموں نے بتایا کہ عمارت کی نچلی منزل پر تجارتی دکانیں واقع ہیں، جبکہ اوپری تین منزلوں کو رہائشی مقاصد کے لئے استعمال کیا جا رہا تھا۔ ٹیموں کے مطابق، بالائی منزلوں پر دھوئیں میں کئی لوگ پھنس گئے تھے۔بچاوکارروائی کے لئے دو ڈی آر ایف ٹیمیں اور چار فائر بریگیڈس موقع پرپہنچ گئے۔ دریں اثنا، پولیس، ڈی آر ایف اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں نے امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔جی ایچ ایم سی کے زونل کمشنر انوراگ جینتی، ساؤتھ زون کی ڈی سی پی سنیہا مہرا اور دیگر اعلیٰ عہدیدارموقع پر موجود تھے جنہوں نے پوری کارروائی پر نظررکھی۔ آگ عمارت کے نچلے حصے میں واقع زیورات کی دکانوں سے شروع ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کی بالائی منزلوں تک پھیل گئی۔زیورات کی دکانوں میں اُس وقت کوئی موجود نہیں تھا، تاہم بالائی منزلوں پر کچھ خاندان رہائش پذیر تھے۔ اطلاع ملنے پر مغل پورہ اور گولی گوڑہ فائر اسٹیشنس سے فائر بریگیڈس فوری طور پر موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔فائر بریگیڈ کے عہدیداروں نے عمارت میں پھنسے پانچ افراد کو بحفاظت باہر نکالا۔ آگ بجھانے کے دوران ان کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کیونکہ عمارت تک پہنچنے کا کوئی مناسب راستہ موجود نہیں تھا، جس کے باعث عہدیداروں کو قریبی عمارتوں پر چڑھ کر آگ بجھانے کی کوشش کرنی پڑی۔ آگ کے ساتھ ہی مقامی افراد اورعوام کی بڑی تعداد وہاں جمع ہوگئی جنہوں نے راحت کاموں میں مدد کی۔