بینک میں چوری، متاثرین کا احتجاج۔سوناواپس کرنے کامطالبہ

تلنگانہ:بینک میں چوری، متاثرین کا احتجاج۔سوناواپس کرنے کامطالبہ
تلنگانہ کے ضلع ورنگل میں گزشتہ سال 19 نومبر کو رائے پرتی کے ایک بینک میں تقریباً 20 کلو سونے کی چوری کا واقعہ پیش آیا تھا۔ اس واقعہ کو ہوئے 7 مہینے گزر چکے ہیں لیکن تاحال بینک حکام نے متاثرین کو ایک پیسہ بھی ادا نہیں کیا جس پر متاثرین نے برہمی کا اظہار کیا اور احتجاج پر اتر آئے۔قومی شاہراہ پر بیٹھ کر احتجاج کیا گیا جس کے نتیجہ میں ورنگل۔کھمم ہائی وے پر شدید ٹریفک جام ہو گیا۔احتجاجیوں کا کہنا ہے کہ بینک کے چکر کاٹ کاٹ کر وہ تھک چکے ہیں اور اب مزید برداشت نہیں کر سکتے۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ان کا رہن رکھا گیا سونا واپس کیا جائے۔ بینک کے ذمہ داروں نے بتایا کہ انہیں 497 صارفین کو معاوضہ ادا کرنا ہے۔بینک حکام کا کہنا ہے کہ بینک میں رکھوائے گئے سونے میں سے فی تولہ 2 گرام کی کٹوتی کرتے ہوئے باقی سونے پر فی تولہ 90 ہزار روپے ادا کیے جائیں گے۔ متاثرین نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مارکٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ روپے ہے جس کے حساب سے انہیں فی تولہ 20 ہزار روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔متاثرین کا مطالبہ ہے کہ انہیں موجودہ مارکٹ ریٹ کے مطابق سونے کی قیمت ادا کی جائے۔