تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریںشہر کی خبریں

بارش کے دوران بجلی کی سپلائی میں رکاوٹ کا مستقل حل۔زیر زمین بجلی کی لائنیں بچھانے کا منصوبہ،

22 ہزار کروڑ روپے کے منصوبے پر کام جاری

حیدرآباد:بارش کے دوران بجلی کی سپلائی میں رکاوٹ کا مستقل حل۔زیر زمین بجلی کی لائنیں بچھانے کا منصوبہ، 22 ہزار کروڑ روپے کے منصوبے پر کام جاری

حیدرآباد: حیدرآباد میں ہر مرتبہ شدید بارش یا طوفانی ہواؤں کے ساتھ ہی بجلی کی فراہمی میں خلل پڑنا ایک عام مسئلہ بن چکا ہے۔ اس پریشانی سے نجات دلانے کے لئے ایس پی ڈی سی ایل کمپنی نے ایک بڑا قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ادارہ اب ایسے تمام حالات میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے زیرِ زمین بجلی کی کیبلس بچھانے کے خصوصی منصوبے پر کام کر رہا ہے۔حیدرآباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے کی کوششوں کے تحت سڑکوں اور گلیوں میں جھولتی ہوئی اوور ہیڈ بجلی کی تاروں کو ہٹاکر ان کی جگہ زیر زمین بجلی کی لائنیں بچھائی جائیں گی۔ایس پی ڈی سی ایل حکام نے تمام سب اسٹیشن اور فیڈرس کے مطابق تفصیلات اکٹھا کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے، جس کا ابتدائی مرحلہ تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔ اس بڑے منصوبے کے تحت ہر سکشن پر 100 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے، اور پورے گریٹر حیدرآباد میں تمام سیکشن کے لئے جملہ 22,000 کروڑ روپے سے زائد درکار ہوں گے، جو کہ ابتدائی تخمینہ کے مطابق طے کئے گئے ہیں۔گریٹر حیدرآباد میں بارش اور طوفانی ہواؤں کی صورت میں فیلڈ عملے کو پیش آنے والی مشکلات پر ایک تفصیلی رپورٹ پہلے ہی تیار کی جا چکی ہے۔زیر زمین کیبلنگ سے درج ذیل فوائد حاصل ہوں گے:بارش یا طوفان میں بھی بجلی کی فراہمی متاثر نہیں ہوگی۔د یکھ بھال اور مرمت کے عمل میں سہولت ہوگی۔شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا، بجلی کی جھولتی تاروں کا خاتمہ ہوگا اورعوام کی حفاظت میں بہتری ہوگی۔حکام نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ کہاں کہاں یہ کیبلنگ کی جائے گی، اس پر مطالعہ مکمل ہو چکا ہے۔ میٹرو زون میں آنے والے حیدرآباد سنٹرل، بنجارہ ہلز اور سکندرآباد حلقوں میں ڈسٹریبیوشن لائن کے علاوہ 33/11 کے وی لائن کا کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button