تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

کے سی آر کا دور، عوامی یادوں میں آج بھی زندہ

کانگریس دورِ حکومت میں ترقیاتی کام ٹھپ, اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز میں محمد اعظم علی کا دورہ، عوام سے راست ملاقات

کے سی آر کا دور، عوامی یادوں میں آج بھی زندہ
کانگریس دورِ حکومت میں ترقیاتی کام ٹھپ
اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز میں محمد اعظم علی کا دورہ، عوام سے راست ملاقات
بی آر ایس امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل

بی آر ایس کے سینئر قائد محمد اعظم علی نے آج جوبلی ہلز حلقہ اسمبلی کے ایرہ گڈہ ڈویژن میں واقع مسجد محمدیہ سلطان نگر میں نمازِ جمعہ ادا کی اور بعد ازاں مقامی عوام سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے عوام سے نہایت محبت و خلوص کے ساتھ تبادلۂ خیال کرتے ہوئے ان کے مسائل اور مشکلات کو بغور سنا اور کہا کہ بی آر ایس ہمیشہ عوام کے درمیان رہ کر ان کی خدمت کو اپنا مشن سمجھتی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اعظم علی نے کہا کہ بی آر ایس سربراہ جناب کے چندر شیکھر راؤ اور کارگزار صدر جناب کے تارک راما راؤ کی ہدایت پر انہوں نے یہ دورہ کیا تاکہ عوام کی مشکلات کو قریب سے سمجھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کا بنیادی مقصد عوامی خدمت ہے اور اسی جذبے کے تحت وہ ہر گاؤں اور بستی تک پہنچ رہے ہیں۔
محمد اعظم علی نے کانگریس حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں کانگریس کے برسرِ اقتدار آتے ہی ترقیاتی کاموں پر پہیہ رک گیا ہے۔ عوام کو جو سہولتیں کے سی آر نے فراہم کی تھیں، آج وہ سہولتیں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز کے سابق بی آر ایس رکن اسمبلی ایم گوپی ناتھ نے عوامی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک شاندار فنکشن ہال کی تعمیر کے لئے سنگ بنیاد رکھا تھا، لیکن کانگریس حکومت نے اقتدار میں آتے ہی اس منصوبے کو روک دیا، جو کہ عوامی مفادات کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام آج بھی کے سی آر کے سنہرے دور کو یاد کرتے ہیں۔ کے سی آر نے نہ صرف عوام کو وقار بخشا بلکہ ریاست کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کیا۔ چاہے وہ کسانوں کے مسائل ہوں، طلبہ کے خواب ہوں یا غریب عوام کی فلاحی اسکیمیں، کے سی آر نے ہر طبقے کے دلوں میں اپنا مقام بنایا۔ محمد اعظم علی نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ کے سی آر ہی ان کے سچے ہمدرد اور حقیقی دوست ہیں، جبکہ دیگر سیاسی جماعتیں اور قائدین صرف جھوٹے وعدوں اور کھوکھلے نعروں کے ذریعے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔انہوں نے جوبلی ہلز کے عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ ضمنی انتخابات میں بی آر ایس کے امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں تاکہ ایک بار پھر ترقیاتی کاموں کا سلسلہ شروع ہو سکے اور عوامی خدمت کا کارواں آگے بڑھ سکے۔

اس موقع پر ایم اے معید خان، محمد خواجہ بدرالدین، ایم اے باسط، سید لائق علی، ارشد علی خان، ایس اے قیصر، رحیم اللہ خان نیازی، سید محبوب، محمد افروز، محمد یوسف، ستار گلشن اور دیگر بی آر ایس قائدین بھی موجود تھے، جنہوں نے محمد اعظم علی اور رفقاء کی شال پوشی اور گل پوشی کرتے ہوئے پرجوش خیر مقدم کیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button