تلنگانہ میں کھاد کی کمی کا مسئلہ ریاستی حکومت کی ناکامی سے پیدا ہوا :ہریش رائو

تلنگانہ میں کھاد کی کمی کا مسئلہ ریاستی حکومت کی ناکامی سے پیدا ہوا :ہریش رائو
حیدرآباد، 30 اگست: تلنگانہ کے سابق وزیر وبی آرایس کے رکن اسمبلی ہریش راؤ نے کہا ہے کہ کسی بھی ریاست میں کھاد کی کمی نہیں ہے، لیکن تلنگانہ میں یہ مسئلہ ریاستی حکومت کی ناکامی کی وجہ سے پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت کے دوران کورونا جیسے مشکل وقت میں بھی یوریا کی تقسیم میں کوئی رکاوٹ نہیں آئی۔ بی جے پی اور کانگریس ایک دوسرے پر الزام تراشی کرکے اپنی ذمہ داریوں سے بچنے کی کوشش کر رہی ہیں ، ہریش راؤ نے کہا کہ اگر کھاد تقسیم نہیں کرسکتے تو اقتدار چھوڑ دینا بہتر ہے۔ ہم سیاست کے لیے نہیں بلکہ کسانوں کے لیے آئے ہیں۔ کھاد کی قلت پر زرعی کمشنر کے دفتر کے سامنے دھرنا دینے والے بی آر ایس ارکان اسمبلی،ارکان کونسل اور کئی دیگر رہنماؤں کو پولیس نے گرفتار کرکے مختلف پولیس اسٹیشنس کو منتقل کر دیا۔ اس موقع پر بی آر ایس قائدین نے حکومت پر شدید تنقید کی۔ اس سے قبل بی آر ایس ارکان نے زرعی کمشنر کو یادداشت پیش کی اور کھاد کی کمی کو دور کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیاست نہیں کر رہے بلکہ کسانوں کی آواز بلند کر رہے ہیں۔ احتجاج کے دوران بی آر ایس کارکنوں نے نعرے لگائے کہ کھاد بحران کی اصل ذمہ دار کانگریس حکومت ہے۔ گنیش پوجا کے دنوں میں بھی کسانوں کو سڑکوں پر کھڑا کر دیا گیا، انہوں نے الزام عائد کیا۔ انہوں نے کسانوں کو کھاد فراہم نہ کر پانے والی کانگریس حکومت فوراً مستعفی ہو، ریونت قصوروار کسانوں کے ساتھ دھوکہ جیسے نعرے بھی لگائے۔



