حیدرآباد میں گنیش مورتیوں کا وسرجن، میٹرو ریل استعمال کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ

حیدرآباد میں گنیش مورتیوں کا وسرجن، میٹرو ریل استعمال کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ
حیدرآباد، 6 ستمبر: شہرحیدرآباد میں گنیش مورتیوں کے وسرجن کے موقع پر میٹرو ٹرینوں کے استعمال میں اضافہ درج کیاگیا ہے۔تقریبا تمام میٹرو اسٹیشنوں پر عوام کا ہجوم دیکھاجارہا ہے اورمیٹرو ٹرینوں میں ہجوم نظرآرہا ہے۔وسرجن جلوس کے پیش نظر میٹرو کی خدمات کے اوقات میں توسیع کی گئی ہے۔صبح ہی سے میٹرو اسٹیشنوں پر عوام کی طویل قطاریں دیکھی جارہی ہے جو معمول کے برخلاف ہیں۔شہر میں گنیش مورتیوں کے وسرجن کے پیش نظرپولیس کی جانب سے جگہ جگہ ٹریفک پابندیاں عائد کی گئی ہیں جس کے پیش نظرعوام کی بڑی تعداد نے میٹرو ٹرینوں کے ذریعہ سفر کو ترجیح دی۔سڑکوں پر جگہ جگہ گنیش جلوس مورتیوں کے ساتھ دیکھاجارہا ہے، اس طرح میٹروٹرینیں عوام کو ان کی منزل پر پہنچانے میں کافی مددگارثابت ہورہی ہیں۔ دسہرہ اور سنکرانتی کے موقع پر سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر لوگوں کی موجودگی جتنی ہوتی ہے، اس وقت حیدرآباد میٹرو میں اسی قسم کا ہجوم دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اس صورتحال کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔



