گروپI امتحانا ت کا دوبارہ انعقاد ہی تمام مسائل کا واحد حل

گروپI امتحانا ت کا دوبارہ انعقاد ہی تمام مسائل کا واحد حل
کانگریس حکومت کی بے روزگار نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی
نائب صدر تلنگانہ جاگروتی یوتھ راتھوڑ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 10 ستمبر (آداب تلنگانہ نیوز)نائب صدر تلنگانہ جاگروتی یوتھ راتھوڑ نے گروپ I امتحانات کے تعلق سے ہائی کورٹ کے فیصلہ کو حکومت اور ٹی ایس پی ایس سی کےلئے ایک جھٹکا قرار دیا اورکہاکہ اعلامےہ کی اجرائی سے لے کر نتائج جاری کرنے تک ہر مرحلہ میں حکومت نے سنگین غلطیاں کی ہیں۔وہ دفتر تلنگانہ جاگروتی میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔راتھوڑ نے کہاکہ گروپ I امتحانات کا پریلمس سے دوبارہ انعقاد ہی تمام مسائل کاواحد حل ہے۔انہوںنے الزام عائد کیاکہ جی او 29کو پوشیدہ راستہ سے لا کر بی سی ‘ایس سی‘ایس ٹی امیدواروں کے ساتھ ناانصافی کی گئی ہے۔لہذا جی او 29کو فی الفور منسوخ کیاجاناچاہئے اور قدیم جی او55کے تحت دوبارہ پریلمس امتحانات منعقد کئے جانے چاہئیں۔اس مقصد کےلئے تلنگانہ جاگروتی آخری دم تک جدوجہد جاری رکھے گی۔راتھوڑ نے کہاکہ آئندہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے تمام امتحانات کوقانونی پیچیدگیوں سے پاک رکھنے کےلئے اقدامات روبہ عمل لائے جانے چاہئیں تاکہ نوجوانوں کو انصاف مل سکے۔انہوںنے کہاکہ ماقبل انتخابات کانگریس پارٹی نے سالانہ 2لاکھ نوجوانوں کو ملازمتوں کی فراہمی‘ بے روزگار نوجوانوں کوبھتہ اور بلا سودی 10لاکھ روپئے قرض کی فراہمی کا وعدہ کیاتھا ۔تاہم اقتدار پرفائز ہونے کے بعد کانگریس حکومت نے ایک بھی وعدے کو پورا نہیں کیا۔بے روزگاروں کے مسائل کو پس پشت ڈال دیاگیا۔کانگریس حکومت 20ماہ کی حکمرانی میںبے روزگار وں کے مسائل کی یکسوئی پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔کانگریس حکومت کی دھوکہ دہی کے خلاف تلنگانہ جاگروتی مسلسل احتجاج کرے گی۔اس موقع پر تلنگانہ جاگروتی کے لیڈرس مہیندر ‘گوپو سدا نندم اور دوسرے موجود تھے۔



