تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

کے ٹی آر کی جانب سے کونڈا سریکھا کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ

کے ٹی آر کی جانب سے کونڈا سریکھا کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ

حیدرآباد۔10اکتوبر(آداب تلنگانہ نیوز) کار گزار صدر بی آرایس ورکن اسمبلی سرسلہ کے تارک راماراﺅ نے وزیر جنگلات وماحولیات کونڈا سریکھا کے خلاف ہتک عزت کامقدمہ دائر کیاہے۔ واضح رہے کہ کونڈا سریکھا نے اداکار ناگاچیتنےہ اور سامنتا کے درمیان علیحدگی کےلئے کے ٹی آر کو مورد الزام ٹھہرایاتھا۔کے ٹی آر کے وکیل اوما مہیشور راﺅ نے اپنے موکل کی طرف سے اسپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس ایکسائز عدالت میں آج ایک شکایت درج کروائی ۔کے ٹی آرنے کونڈا سریکھاکے خلاف شکایت درج کروائی ہے اور کونڈا سریکھا کے خلاف فوجداری کارروائی کی اپیل کی ہے۔عرضی میں بی آر ایس قائدین بالکا سمن، ستیہ وتی راتھوڑ، ٹی اوما اور داسوجوسر اون کے نام کا بطور گواہان ذکر کیا گیا ہے اور عرضی میں کونڈا سریکھا کے بیانات کا حوالہ دیا گیا ہے جو مختلف میڈیا آوٹ لیٹس میں نشر اور شائع ہوچکے ہیں۔کے ٹی آر نے اپنی شکایت میں کہاکہ ریاستی وزیر جنگلات، کونڈا سریکھا کے توہین آمیز تبصروں سے ان کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ ریاستی وزیر جنگلات کو ان اہانت آمیز تبصروں پر ہتک عزت کے دوسرے مقدمہ کا سامنا ہے۔ ایک ماہ قبل مشہور اداکار ناگر جنا جو ناگا چیتنیہ کے والد ہیں، نے پہلے ہی کونڈا سریکھا کے خلاف کیس دائر کرچکے ہیں۔ نامپلی میٹرو پولیٹن کورٹ نے 8/ اکتوبر کو ناگرجنا کا بیان ریکارڈ کیا جس میں انہوں نے کہا کہ ریاستی وزیر کے اہانت آمیز تبصروں سے ان کے خاندان کا وقار اورساکھ داغدار ہوئی ہے۔ جسے ہم نے کئی دہائیوں میں سماجی خدمات کے کام کے ذریعہ بنایا ہے۔ وزیر کونڈا سریکھا نے 2/ اکتوبر کو نوجوان اداکار جوڑے میں علیحدگی پر چند تبصرے کئے تھے۔قبل ازیں کے ٹی آر نے کونڈا سریکھا کو قانونی نوٹس بھیجتے ہوئے ان سے اندرون24گھنٹے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا تھا۔ مسلسل تنقید کے بعد کونڈا سریکھا نے اپنے ر یمارکس واپس لے لئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے تبصروں کا مقصد کسی کے جذبات کو مجروح کرنا نہیں تھاوہ دراصل ایک سیاسی قائد کی جانب سے خواتین کو ذلیل کرنے کے بارے میں بتانا چاہتی تھی۔ کونڈا سریکھا نے کے ٹی آر کے خلاف تبصروں پرقائم رہنے کا اظہار کیاتھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button