تلنگانہ کے عادل آباد ضلع میں درجہ حرارت 45.5 ڈگری درج
Temperature recorded at 45.5 degrees in Adilabad district of Telangana.

حیدرآباد کے محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ تلنگانہ میں آئندہ دو دنوں تک ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق تیز ہواوں کا اثر شدید رہے گا اور ہوائیں 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کا امکان ہے۔کریم نگر، پداپلی، جئے شنکر بھوپال پلی، مُلگ اور بھدراچلم کے علاوہ کوتہ گوڑم اضلاع میں تیز ہواوں کے امکانات کے پیش نظر آرینج الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ عادل آباد، آصف آباد، منچریال، نرمل، نظام آباد، جگتیال، اور راجنا سرسلہ اضلاع میں ہوائیں 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔ جبکہ کھمم، رنگا ریڈی، حیدرآباد، میڑچل ملکاجگری، وقارآباد، سنگاریڈی، میدک اور کاماریڈی اضلاع میں ہواؤں کی رفتار 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ تمام اضلاع میں ہلکی تااوسط بارش ہونے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ ریاست میں ہفتہ کے روز درجہ حرارت میں شدید اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پانچ اضلاع میں درجہ حرارت 45 ڈگری سیلسیس سے زیادہ درج کیاگیا۔ عادل آباد ضلع کے سری کونڈہ میں سب سے زیادہ 45.5 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج ہوا۔ نرمل ضلع کے نرساپور میں 45.4 ڈگری، جگتیال ضلع کے علی پور اور نظام آباد ضلع کے مینڈور میں 45.3 ڈگری درج کیاگیا جبکہ گدوال ضلع کے مالدکل میں 45.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ آصف آباد میں 44.8 ڈگری، کاماریڈی میں 44.6 ڈگری اور کریم نگر میں 44.1 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج کیا گیا۔ چار اضلاع میں درجہ حرارت 43 ڈگری سے زیادہ رہا، جب کہ دیگر اضلاع میں درجہ حرارت 41.2 سے 42.8 ڈگری سیلسیس کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں تک شمالی تلنگانہ کے اضلاع کے لئے بھی آرینج الرٹ جاری کر دیا ہے۔