تلنگانہ:ڈاکٹرس کی سنگین لاپرواہی، آپریشن کے دوران خاتون کے پیٹ میں بینڈیج چھوڑدیا
Telangana: Gross negligence by doctors, bandage left inside woman's abdomen during surgery.

حیدرآباد 5 مئی، آپریشن کے دوران ڈاکٹرس کی لاپرواہی کا سنسنی خیز واقعہ سامنے آیاکیونکہ ڈاکٹرس نے آپریشن کے بعد خاتون کے پیٹ میں بینڈیج (پٹی) چھوڑ کر ٹانکے لگا دیئے۔یہ واقعہ تلنگانہ کے ضلع ہنمکنڈہ کے کملاپور کے سرکاری اسپتال میں پیش آیا۔ایک ہفتہ قبل ایک حاملہ خاتون کا آپریشن اسی اسپتال میں کیا گیا تھا تاہم ڈاکٹروں نے آپریشن کے بعد خاتون کے پیٹ میں بینڈیج (پٹی) چھوڑ کر ٹانکے لگا دیئے۔چند دنوں بعد خاتون کو شدید طبی مسائل کا سامنا ہوا اور وہ دوبارہ اسپتال پہنچی۔ اس مرتبہ معائنہ پر حقیقت کھل کر سامنے آئی۔ ڈیوٹی پر موجود نرس نے جب اسپتال کی ڈاکٹر سے فون پر رابطہ کیا تو انہوں نے فون پر ہی ہدایات دیں کہ بینڈیج کیسے نکالی جائے۔ جب نرس نے بینڈیج نکالنے کی کوشش کی تو آپریشن کے دوران لگائے گئے ٹانکے کھل گئے، جس سے خاتون شدید تکلیف میں مبتلا ہوگئی۔اگرچہ فی الحال متاثرہ خاتون کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے، تاہم ڈاکٹروں کی اس سنگین غفلت پر متاثرہ خاتون کے رشتہ داروں نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اسپتال کے سامنے احتجاج کیا اور ذمہ دار ڈاکٹر کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور متاثرہ خاندان کو سمجھا بجھا کر روانہ کردیا۔