پہلگام حملہ، مہلوکین کو حیدرآباد کے فنکاروں کا انوکھاخراج
Pahalgam attack: Unique tribute to the victims by Hyderabad artists.

پہلگام میں سیاحوں پر ہوئے حالیہ حملہ کے خلاف ملک بھر میں مختلف طبقات کی جانب سے شدید احتجاج جاری ہے۔ اسی سلسلہ میں حیدرآباد کے سوماجی گوڑہ پریس کلب کے احاطہ میں مقامی فنکاروں نے ایک خصوصی تصویری نمائش کا اہتمام کیا۔نمائش میں پیش کردہ فن پارے اس حملہ کے پس منظر کو اجاگر کرتے ہوئے عالمی امن کا پیغام دے رہے ہیں۔ فنکاروں نے اپنی مصوری کے ذریعہ دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دنیا میں امن قائم ہو، اور شدت پسندی کا خاتمہ ہو۔ان خیالات کو تصویروں کے ذریعہ پیش کرتے ہوئے فنکاروں نے نہ صرف اپنی جذباتی وابستگی کا اظہار کیا بلکہ ناظرین کو بھی گہرائی سے سوچنے پر مجبور کر دیا۔ اس موقع پر ان فنکاروں نے بتایا کہ ان کا مقصد سماج میں بیداری پیدا کرنا اور دنیا کو امن کا پیغام دینا ہے۔
اے پی میں غیرموسمی بار ش سے فصلوں کو نقصان
آندھرا پردیش کے مختلف علاقوں میں ہوئی غیرموسمی بارش نے کسانوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ کرشنا ضلع میں شدید بارش اور تیز ہواؤں کے سبب دھان، مکئی، کیلا اور پپیتے کی فصلیں بری طرح متاثر ہوئیں۔ خاص طور پر کیلا کے کاشتکاروں نے شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ تیار فصل طوفانی ہواوں کی وجہ سے زمین پر گرگئی ہے۔کسانوں کا کہنا ہے کہ ہر ایکڑ پر تقریباً ایک لاکھ روپے کی لاگت آئی ہے اور وہ حکومت سے فوری مالی امداد کی اپیل کر رہے ہیں۔دوسری جانب متحدہ مشرقی گوداوری ضلع میں بھی کسان شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ کھیتوں میں دھان سوکھنے کے لئے پھیلایا گیا تھا لیکن اچانک ہوئی موسلا دھار بارش سے وہ بھیگ گیا جس سے اناج خراب ہونے لگا ہے۔ خاص طور پر کوناسیما علاقہ میں جہاں دھان کی کٹائی زوروں پر تھی، وہاں بارش نے پوری محنت پر پانی پھیر دیا۔ کاکنادا ضلع میں بھی دھان بھیگ جانے کے باعث کسانوں کی حالت نہایت افسوسناک ہو چکی ہے۔ متاثرہ کسانوں نے حکومت سے فوری معائنہ کروا کر معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تلنگانہ کے گدوال میں حالت نشہ میں گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف مہم۔بعض افرادپکڑے گئے
تلنگانہ کے گدوال ٹاؤن کے کرشنا وینی چوراہے پر پیر کی رات حالت نشہ میں گاڑیاں چلانے والوں۔ اس دوران شراب پی کر گاڑیاں چلاتے ہوئے بعض افرادپکڑے گئے جن کے خلاف پولیس نے مقدمات درج کئے۔اس موقع پر ایس آئی کلیان راؤ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نشہ کی حالت میں گاڑی چلانا ایک سنگین جرم ہے، جو سڑک حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی افراد کو شراب پی کر گاڑی چلانے کے جرم میں پکڑا گیا ہے اور ان کے قانونی کارروائی کی گئی ہے۔ایس آئی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ یاد رکھیں کہ ان کے گھر والے ان کے صحیح سلامت واپس آنے کا انتظار کرتے ہیں، اس لئے احتیاط برتیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی جانوں کی حفاظت کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے، لیکن شہریوں کو بھی چاہیے کہ وہ قانون کی پاسداری کریں اور خود کی اور دوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں نہ ڈالیں۔
حیدرآباد میں مس ورلڈ مقابلہ۔ ایئرپورٹ پر مس فرانس کا روایتی استقبال، تلنگانہ کی ثقافت کی جھلک
تلنگانہ حکومت نے ثقافتی فخر اور مہمان نوازی کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے منگل کے روز راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ (آر جی آئی اے)، شمس آباد پر پہنچنے والی مس فرانس، اگاتھ لو کوئے کا روایتی انداز میں پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر تلنگانہ کی بھرپور وراثت اور روایتی گرمجوشی کو نمایاں کیاگیا۔ مس فرانس کے ہمراہ مس ورلڈ کے اعلیٰ عہدیداران، کلارا لوسی کیٹ اور ایما لوئیس گرے کا بھی روایتی اعزازات کے ساتھ خیرمقدم کیا گیا۔علاوہ ازیں، برٹش ایرویز کے ذریعہ آنے والی دیگر مس ورلڈ کی عہدیداروں کو بھی اسی جوش و خروش اور رسمی روایت کے ساتھ خوش آمدید کہا گیا۔
حیدرآباد میٹروریل میں ایک مرتبہ پھر تکنیکی خرابی
حیدرآباد میٹروریل میں ایک مرتبہ پھر تکنیکی خرابی پیداہوگئی۔کل رات خیریت آباد میٹرو اسٹیشن پر تکنیکی مسائل کی نشاندہی عہدیداروں نے کی جس کے بعد مسافرین کے ٹکٹ کی رقم واپس کردی گئی۔ان مسائل سے میاں پورتاایل بی نگرراہداری پرمیٹروخدمات کے متاثر ہونے کی اطلاع ہے