Khabarnama 9th May 2025

تلنگانہ:ٹرین کے سامنے چھلانگ لگاکر نوجوان نے خودکشی کرلی
محبوبہ کے دھوکہ پرٹرین کے سامنے چھلانگ لگاکر ایک نوجوان نے خودکشی کرلی۔یہ واقعہ تلنگانہ کے ضلع کریم نگرکے جمی کنٹہ میں پیش آیا۔اس نوجوان کی شناخت 25سالہ یلیش کے طورپر کی گئی ہے جس نے گذشتہ روزجمی کنٹہ ریلوے اسٹیشن میں ٹرین کی پٹریوں کے سامنے کودکرخودکشی کرلی۔اس نے واٹس اپ پرایک پیام چھوڑاجس میں اس نے کہا کہ وہ یہ انتہائی اقدام کررہا ہے کیونکہ اس کی گرل فرینڈ نے اس کو دھوکہ دیا ہے۔پولیس نے یہ بات بتائی۔
تلنگانہ کے منچریال ضلع میں تیز آندھی و بارش سے کسانوں کو شدید نقصان
منچریال ضلع میں شدیدآندھی اور بارش سے کسانوں کو شدید نقصان سے ہوا۔ نینیلا، بیلم پلی اور تانڈور منڈلوں میں زوردار آندھی کے باعث آم کے درختوں سے کیریاں زمین پر گر پڑیں۔ صرف چار دن قبل تیز آندھی کی وجہ سے آم کے کاشتکاروں کو بھاری نقصان برداشت کرنا پڑا تھا، اور وہ اس نقصان سے ابھی سنبھلنے بھی نہیں تھے کہ قدرت نے ایک بار پھر قہر ڈھایا۔ کسانوں نے اس صورتحال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ زمین پر کیریاں گرنے سے ان کی محنت پر پانی پھر گیا ہے۔
تلنگانہ:دھان کی خریداری میں لاپرواہی کا الزام۔کسانوں کااحتجاج
دھان کی خریداری میں لاپرواہی پر کسان کئی مقامات پر احتجاج پر اتر آئے۔ کھمم ضلع کے تلاڈا میں کسانوں نے بتایا کہ 15دنوں سے تھیلوں کی عدم فراہمی اور لاریوں کی عدم آمد کی وجہ سے خریداری بند ہو گئی ہے، جس پر انہوں نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ کسانوں نے قومی شاہراہ پر ٹریکٹروں کو لگا کر احتجاج درج کیا اور کہا کہ غیرموسمی بارش کے باعث وہ دھان کی حفاظت کے لئے سخت پریشانیوں کا شکار ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دھان کی خریداری کے عمل کو تیز کیا جائے۔اسی طرح نارائن پیٹ ضلع کے اوبولاپور مقام پر کسانوں نے سڑک پر دھرنا دیا۔ کسانوں نے الزام لگایا کہ چاول مل کے مالک نے گودام کی کمی کا بہانہ بنا کر خریداری روک دی ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس وہاں پہنچی اور رائس مل مالک سے بات چیت کے بعد کسانوں کو یقین دہانی کرائی کہ دھان کے ذخیرے کے لئے ایک اور جگہ مختص کی جائے گی، جس کے بعد کسانوں نے احتجاج ختم کردیا۔
حیدرآباد:کا ر کا پنکچرٹائربدلنے کے دوران،ایس یووی کی ٹکر، ایک شخص ہلاک
شہرحیدرآباد کے راجندرنگر میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق کار کا ٹائر آوٹررنگ روڈ حمایت ساگر کے قریب پنکچرہوگیا۔کارکے ڈرائیورنے اوآرآرریکوری گاڑی کو طلب کیا اورمدد کی خواہش کی۔مہلوک شیوا، ٹوئینگ گاڑی کے ڈرائیور کے ساتھ کار کی مرمت کررہا تھا۔پولیس نے کہاکہ شیوا اوراس کا ساتھی سڑک پر ٹہرے ہوئے تھے اورٹائر کو تبدیل کرنے کی کوشش کررہے تھے کہ اسی دوران ایس یو وی تیزرفتار گاڑی نے شیواکوٹکردے دی جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی۔
تلنگانہ کی سرحد پر لینڈ مائن دھماکہ میں تین پولیس ملازمین ہلاک
تلنگانہ کی سرحد پر آج صبح ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں لینڈ مائن دھماکہ میں تین پولیس ملازمین موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق، ضلع مُلگ کے واجیڈومنڈل کے جنگلاتی علاقہ میں ماؤ نوازوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر پولیس نے تلاشی آپریشن شروع کیا۔ اسی دوران ماؤنواز باغیوں نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لینڈ مائن دھماکہ کیا۔اس دھماکہ میں تین پولیس ملازمین موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ہے اور سیکیورٹی فورسس نے مزید تلاشی مہم تیز کر دی ہے۔
حیدرآباد میں عالمی حسن کا سنگار۔ مس ورلڈ مقابلے کی چمک دمک
موتیوں ومیناروں کا شہر، تہذیب کا گہوارہ حیدرآباد جہاں شاندار ماضی کی روشنی میں جھلملاتا ہے، اس بار ایک اور جگمگاہٹ سے روشن ہو نے جارہا ہے۔ چارمینار کی چھاؤں، حسین شاموں اور ثقافتی مہک سے مرصع یہ شہر عالمی مقابلہ حسن کی میزبانی کے لئے تیار ہے۔ دنیا بھر سے حسن کی پریاں، جواں آنکھوں میں خواب، ہونٹوں پر تبسم اور اعتماد کی روشنی لئے حیدرآباد کی سرزمین پر اتررہی ہیں۔ یہاں نہ صرف لباس و زیبائش کا جلوہ ہے، بلکہ زبان و اطوار، تہذیب و تمدن اور عقل و شعور کا امتزاج بھی دیکھنے کو ملے گا۔اسٹیج پر جب دنیا کے مختلف تہذیبوں کی نمائندگی کرنے والی حسین پریاں اپنے خوب صورت چہروں، اپنے فن، فہم اور فکر کے ساتھ سامنے آئیں گی، تو یوں محسوس ہوگاجیسے دنیا کی روشنی، حیدرآباد کے فلک پر ستاروں کی صورت چمک اٹھی ہو۔ادب و ثقافت سے بھرپوراس تقریب میں حیدرآباد صرف میزبانی کے فرائض ہی انجام نہیں دے گا بلکہ اپنے تاریخی ظرف، محبت بھرے دل اور مہمان نوازی سے دنیا کو بتائے گا کہ حسن صرف چہرے میں نہیں، ظرف میں بھی ہوتا ہے۔ جو تاج کسی ایک کے سر سجے گا وہ دنیا کے تمام خواب دیکھنے والی لڑکیوں کے لئے امید کی علامت بنے گا۔ان مقابلوں کے ذریعہ حیدرآباد یہ ثابت کررہا ہے کہ یہ صرف تاریخی شہر نہیں، بلکہ دلوں کو جوڑنے والا ایک زندہ خواب ہے۔
کسانوں کے 687کروڑروپئے کے قرضہ جات کی معافی:وزیرریونیوتلنگانہ
تلنگانہ کے وزیر ریونیوپی سرینواس ریڈی نے کہا ہے کہ کانگریس زیرقیادت ریاستی حکومت کی جانب سے ہر غریب کو 200 یونٹ مفت بجلی،راجیو آروگیہ شری ہیلت کارڈ کے تحت مفت علاج، صرف 500 روپے میں گیس سلنڈراور راجیو یوا وکاس پروگرام کے ذریعہ ہر اسمبلی حلقہ میں بیروزگار نوجوانوں کو 50ہزار سے 4 لاکھ روپے تک قرضہ جات فراہم کئے جا رہے ہیں۔وزیرموصوف نے ضلع بھدرادری کوتہ گوڑم کے بھدراچلم ٹاؤن میں ایک کروڑ 24 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر سی سی سڑکوں اور ڈرینج کے کاموں اور قبائلی فلاح و بہبود محکمہ کے آشرم گرلز اسکول میں 25.5 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر فری فیبری کیٹڈ کینٹین کے کاموں کا کل رات سنگ بنیادرکھا۔اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ باریک چاول اسکیم کے ذریعہ غریب عوام پیٹ بھر کر عمدہ غذا حاصل کر رہے ہیں، جب کہ اب تک 687 کروڑ روپے کے کسانوں کے قرضہ جات معاف کئے جا چکے ہیں۔انہوں نے فخر کے ساتھ کہا کہ باریک دھان پر فی ایکڑ 500 روپے بونس دینے کا اعزاز بھی اندیرا مّاں حکومت کو حاصل ہے۔انہوں نے بھوبھارتی قانون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعہ کئی اراضیات سے متعلق مسائل حل لیء جا چکے ہیں اور حکومت کی کوشش ہے کہ کسان کو باوقار مقام دلایا جائے۔
اے پی:شرابی شوہر نے بیوی کا قتل کردیا
آندھراپردیش کے ضلع سریکاکولم میں شرابی شوہر نے بیوی کا بڑی ہی بے دردی سے قتل کردیا۔یہ واردات ضلع کے کوٹابومّالا علاقہ میں پیش آئی جس سے سنسنی پھیل گئی۔مہلوک خاتون جس کی شناخت لکشمی کے طورپر کی گئی ہے، بیوٹی پارلر چلایا کرتی تھی۔ ان کا شوہر تروپتی راو کیبل آپریٹرکے طور پر کام کرتا ہے۔پولیس کے مطابق، تروپتی راؤ شراب کے نشہ میں بیوٹی پارلر پہنچا اور بیوی لکشمی کا گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا۔جانچ میں انکشاف ہوا ہے کہ شوہر اوربیوی کے درمیان گزشتہ دو سال سے شبہات اور جھگڑے چل رہے تھے۔ذرائع کے مطابق، لکشمی نے اس معاملہ میں پہلے ہی پولیس میں شکایت کی تھی۔