تلنگانہ میں غیر معمولی بارش کے باعث زیرِ زمین پانی کی سطح میں اضافہ

تلنگانہ میں غیر معمولی بارش کے باعث زیرِ زمین پانی کی سطح میں اضافہ
حیدرآباد: تلنگانہ میں وقت سے پہلے شروع ہونے والے جنوب مغربی مانسون کے تحت ہونے والی بارش نے نہ صرف موسم کو خوشگوار بنایا بلکہ زمین کی تہہ کو بھی ٹھنڈا کر دیا ہے۔ عام طور پر شدید گرمی کے باعث گزشتہ ماہ زیرِ زمین پانی کی سطح گر جاتی ہے، تاہم اس بار اس میں اوسطاً 0.30 میٹر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تلنگانہ کے محکمہ آبی وسائل نے اس سلسلہ میں ایک تفصیلی رپورٹ جاری کی ہے۔ ماہرین کے مطابق عموماً زیرِ زمین پانی کی سطح مئی سے اکتوبر تک بڑھتی ہے، اس کے بعد ایک دو ماہ تک یہ سطح مستحکم رہتی ہے، اور پھر آہستہ آہستہ نیچے جاتی ہے لیکن اس سال اپریل کے دوسرے ہفتہ کے آخر سے ہی موسم ٹھنڈاہوگیا اور درجہ حرارت میں خاطر خواہ کمی دیکھی گئی۔ اسی دوران مانسون غیر معمولی طور پر جلدی تلنگانہ میں داخل ہوا اور بارش شروع ہو گئیں۔ بارش اور پانی کے استعمال میں کمی کے باعث زیرِ زمین پانی کی سطح میں اضافہ دیکھا گیا، جو کہ ماہرین کے مطابق مئی میں ایک غیر معمولی بات ہے۔2024 کے مئی میں ریاست کی اوسط زیرِ زمین پانی کی سطح 10.06 میٹر تھی جو کہ 2025 کے مئی میں 10.36 میٹر ہو گئی، یعنی 0.30 میٹر کا اضافہ ہوا ہے۔ پچھلے سال کے مقابلہ میں اس بار 18 اضلاع میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔ سب سے زیادہ اضافہ جے شنکر بھوپال پلی ضلع میں 3.05 میٹر ریکارڈ کیا گیا۔ ناگرکرنول میں 2.74 میٹر، سوریا پیٹ میں 1.70 میٹر اور نلگنڈہ میں 2.32 میٹر کا اضافہ ہوا۔دوسری طرف حیدرآباد اور ہنمکنڈہ میں سب سے کم یعنی صرف 0.17 میٹر کا اضافہ نوٹ کیا گیا۔اگرچہ مجموعی طور پر پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے، لیکن گزشتہ سال کے مقابلہ اس سال مئی میں 15 اضلاع میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ ان میں سب سے زیادہ سنگاریڈی میں 1.61 میٹر اور ورنگل میں 0.04 میٹر کی کمی دیکھی گئی۔ تاہم اپریل کے مقابلہ میں مئی میں ان اضلاع میں بھی سطح بلند ہوئی ہے۔محکمہ آبی وسائل کے ڈائریکٹر لکشما نے کہا کہ اس سال زیرِ زمین پانی کی صورتحال بہتر رہنے کی توقع ہے۔ 2024-25 کے آبی سال (جون تا مئی) میں ریاست میں معمول سے 32 فیصد زیادہ بارش ہوئی۔ ریاست میں اوسط سالانہ بارش 919 ملی میٹر کے مقابلہ 1,216 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔تلنگانہ کے سب سے زیادہ بارش والے ضلع کے طور پر نارائن پیٹ سامنے آیا، جہاں عام طور پر 618.9 ملی میٹر بارش ہوتی ہے، اس سال 1,184.1 ملی میٹر یعنی 91 فیصد زیادہ ہوئی۔اسی طرح ونپرتی میں 80 فیصد، محبوب نگر اور جوگولامبا گدوال میں 71 فیصد، جبکہ ناگرکرنول میں 58 فیصد زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔محبوب آباد میں 49 فیصد زیادہ بارش ہوئی، جبکہ سب سے کم یعنی صرف 11 فیصد عادل آباد میں درج کی گئی۔ریاست میں اوسطاً 116 دنوں تک بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش کے دنوں والے ضلع کے طور پر کومرم بھیم آصف آباد پہلے نمبر پر رہا، جہاں 101 دنوں تک بارش ریکارڈ کی گئی۔اس کے بعد ملگ میں 99 دن، محبوب آباد میں 97 دن، ورنگل، راجنا سرسلہ اور بھدرادری کوتہ گوڑم میں 92 دن، جبکہ رنگا ریڈی اور کاماریڈی میں 91 دن بارش ہوئی۔