آندھرا پردیش : قومی شاہراہ پر ہوا وین حادثہ کا شکار، 8کروڑ مالیت کے زیورات برآمد

آندھرا پردیش : قومی شاہراہ پر ہوا وین حادثہ کا شکار، 8کروڑ مالیت کے زیورات برآمد
حیدرآباد 28جون: آندھرا پردیش کے ضلع پرکاشم کے اونگول علاقہ میں ایک بڑا حادثہ پیش آیا جب سونا لے جا رہی ایک وین قومی شاہراہ پر ایک لاری سے ٹکرا گئی۔ حیرت انگیز طور پر اس وین میں 8 کروڑ روپے مالیت کے طلائی زیورات موجود تھے جس پر پولیس کو بھی تعجب ہوا۔
تفصیلات کے مطابق سونے کے زیورات فروخت کرنے والی ایک مشہور کمپنی نے اپنی وجے واڑہ شاخ سے نیلور برانچ کو قیمتی زیورات منتقل کرنے کے لیے ایک وین روانہ کی تھی۔ اس گاڑی میں ڈرائیور، ایک سیکیورٹی گارڈ اور ایک سیکیورٹی سوپروائزر موجود تھے۔
کل رات، دشاراجو پلی روڈ کے قریب وین ایک سامنے جا رہی لاری سے ٹکرا گئی۔ اس حادثہ میں ڈرائیور اور سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوئے جبکہ سیکیورٹی سوپروائزر ناگر راجو محفوظ رہا۔
حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی۔ جب معلوم ہوا کہ وین میں بڑی مقدار میں سونا موجود ہے تو احتیاطاً وین کو ٹوئنگ وہیکل کی مدد سے تعلقہ پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا اور اعلیٰ حکام کو اطلاع دی گئی۔
اس واقعہ پر ڈی ایس پی رایا پاتی سرینواس راؤ اور تعلقہ سی آئی ٹی. وجے کرشنا نے تحقیقات کا آغاز کیا۔ کمپنی کے نمائندے پولیس اسٹیشن پہنچے اور زیورات سے متعلق تمام دستاویزات پیش کیے جس کے بعد زیورات کو ایک اور محفوظ وین کے ذریعہ نیلور روانہ کر دیا گیا۔



