شہر کی خبریں

حیدرآباد میں 358 خستہ حال عمارتوں کی نشاندہی

حیدرآباد میں 358 خستہ حال عمارتوں کی نشاندہی

حیدرآباد 13اگست: شدید بارش کے پیش نظرگریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن( جی ایچ ایم سی) نے شہرحیدرآباد میں خستہ حال عمارتوں کے سلسلہ میں شہریوں کو احتیاط کی ہدایت دی ہے۔عہدیداروں کے مطابق 358 عمارتوں کو خستہ حال کے طور پر شناخت کیا گیا ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ان عمارتوں کے اندر اور اطراف میں محتاط رہیں۔ جی ایچ ایم سی حکام نے کہا کہ اس مسئلہ کے حل اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن نے تمام عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ چوکس رہیں اور خستہ حال عمارتوں اور تہہ خانے کی کھدائی کے معاملات میں فوری کارروائی کریں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ خستہ حال عمارتوں اور تہہ خانے کی دوبارہ جانچ کریں اور فوری اقدام کریں۔685 خستہ حال عمارتوں میں سے 327 پر کارروائی کی جا چکی ہے جبکہ باقی 358 پر کارروائی باقی ہے۔ جی ایچ ایم سی نے پہلے ہی نوٹس جاری کر کے عمارتوں کی استحکام رپورٹ حاصل کر لی ہے اور مالکان کو احاطہ خالی کرنے کا مشورہ دیا ہے۔جی ایچ ایم سی حکام نے 154 مقامات کی نشاندہی کی ہے۔ ان میں سے 61 مقامات پر حفاظتی دیواروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جبکہ باقی 93 مقامات پر کام جاری ہے۔جی ایچ ایم سی ان خطرناک خستہ حال عمارتوں پر بھی مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور مالکان کو عمارتیں خالی کرنے کا مشورہ دے رہا ہے۔ مزید دو دن کی بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر جی ایچ ایم سی نے ٹاؤن پلاننگ کے عہدیداروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں اور انہیں ہدایت دی ہے کہ پیشگی اجازت کے بغیر ہیڈکوارٹر نہ چھوڑیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button