تلنگانہ کے ظہیرآباد کو ایک نیا سنگ میل۔ تلنگانہ، کرناٹک اور مہاراشٹر کو جوڑنے والی ریلوے لائن پر اب بُلٹ ٹرین دوڑے گی

تلنگانہ کے ظہیرآباد کو ایک نیا سنگ میل۔ تلنگانہ، کرناٹک اور مہاراشٹر کو جوڑنے والی ریلوے لائن پر اب بُلٹ ٹرین دوڑے گی
حیدرآباد24اگست: تلنگانہ کے ظہیرآباد کو ایک نیا سنگ میل ملنے والا ہے۔ تلنگانہ، کرناٹک اور مہاراشٹر کو جوڑنے والی ریلوے لائن پر اب بُلٹ ٹرین دوڑنے جا رہی ہے۔ 350 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی حیدرآباد۔ممبئی ہائی اسپیڈ بُلٹ ٹرین کوریڈور کی تجویز تیار کی گئی ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ حیدرآباد کے بعد ظہیرآباد میں بھی اسٹیشن قائم کرنے کی تجویز شامل کی گئی ہے۔ظہیرآباد آٹوموبائل، فارما اور آئس کریم صنعتوں کے ساتھ ساتھ حیدرآباد۔ناگپور صنعتی راہداری کے تحت نمز(قومی سرمایہ کاری اور تیاری زون) کا بھی مرکز ہے۔ اس شہر میں ہوا اور شمسی توانائی کے مراکز بھی موجود ہیں جس سے اسے قومی سطح پر شناخت ملی ہے۔ اب بُلٹ ٹرین کے گزرنے سے اس علاقہ کی ترقی کی رفتار مزید بڑھنے کی امید ہے۔ عام طور پر حیدرآباد سے ممبئی پہنچنے میں 10 سے 12 گھنٹے لگتے ہیں، لیکن ہائی اسپیڈ بُلٹ ٹرین سے صرف تین گھنٹوں میں سفر مکمل ہو سکے گا۔ حیدرآباد۔ممبئی ہائی اسپیڈ کوریڈور تلنگانہ، کرناٹک اور مہاراشٹر سے گزرے گا، جس میں تلنگانہ کی حدود میں تقریباً 170 کلو میٹر راستہ ہوگا۔ یہ لائن پرانی پٹریوں سے الگ، بالکل نئے راستے پر تعمیر ہوگی اور اس پر صرف بُلٹ ٹرینیں ہی چلیں گی۔ تجویز کے مطابق یہ لائن سنگاریڈی اور حیدرآباد اضلاع سے گزرے گی۔ مہاراشٹر سے کرناٹک کے کلبرگی میں ایک اسٹیشن تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس کے علاوہ سرحدی علاقے چنچولی سے موگڈمپلی،ظہیرآباد، کوہیر،سداسیوپیٹ سے ہوتے ہوئے حیدرآباد تک روٹ طے کیا گیا ہے۔ مجوزہ منصوبہ رپورٹ کے مطابق تین ریاستوں میں جملہ11 اسٹیشن بنائے جائیں گے۔ ہر 70 سے 100 کلو میٹر پر ایک اسٹیشن قائم ہوگا تاکہ بڑے شہروں اور قصبوں کو جوڑا جا سکے۔ یہ اسٹیشن ممبئی کے باندرہ، نوی ممبئی، لوناؤلا، پونے، کورکُھمب/داؤند، اکلوُج، پندھرپور، شولاپور،کلبرگی (گلبرگہ)، ظہیرآباد اور حیدرآباد میں ہوں گے۔ ریل حکام کے مطابق یہ منصوبہ اگر تیزی سے عملی شکل اختیار کرے تو تجارت، کاروبار، تعلیم اور آئی ٹی شعبوں کی ترقی میں مدد ملے گی۔ حیدرآباد شہر سے بُلٹ ٹرین کی سہولت فراہم کرنے کی کوششیں تیز ہوگئی ہیں۔ یہ ٹرین پڑوسی ریاستوں کے میٹرو شہروں کو جوڑتی ہوئی آگے بڑھے گی۔ حیدرآباد۔ممبئی ہائی اسپیڈ کوریڈور کی تفصیلی رپورٹ پہلے ہی ریل بورڈ کو بھیج دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ حیدرآباد سے آندھرا پردیش کے راستے چینئی اور بنگلورو تک الگ الگ ہائی اسپیڈ کوریڈور کے حتمی سروے پر بھی غور جاری ہے۔ ان روٹس کو اس طرح ڈیزائن کیا جا رہا ہے کہ ٹرینیں زیادہ سے زیادہ 350 کلو میٹر فی گھنٹہ اور اوسطاً 250 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکیں۔ ڈی پی آر کے مطابق حیدرآباد۔ممبئی کوریڈور میں جملہ 11 اسٹیشن ہوں گے، جن میں تلنگانہ میں دو اسٹیشن، حیدرآباد اور ظہیرآباد شامل ہیں۔



