تلنگانہ:کھاد کی قلت۔احتجاج کرنے والے بی آر ایس ارکان اسمبلی زیرحراست

تلنگانہ:کھاد کی قلت۔احتجاج کرنے والے بی آر ایس ارکان اسمبلی زیرحراست
حیدرآباد، 30 اگست: تلنگانہ میں کھاد کی فراہمی کو بہتر بنانے اور کسانوں کو ان کی ضرورت کے مطابق کھاد فراہم کرنے کے مطالبہ پر بی آر ایس ارکان اسمبلی نے حیدرآباد میں زرعی کمشنر کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا۔ کسانوں کی فلاح کے لیے کھاد کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کمشنر کو یادداشت پیش کی۔ اس دوران احتجاج کرنے والے بی آر ایس ارکان اسمبلی، قائدین اور کارکنوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ زرعی کمشنر کو یادداشت پیش کرنے کے بعد بی آر ایس کے ارکان اسمبلی اور قانون ساز کونسل کے ارکان نے کمشنریٹ دفتر میں دھرنا بھی دیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جب تک ریاستی حکومت کھاد کی قلت پر مکمل تفصیلات فراہم کر کے حل کا راستہ نہیں دکھاتی، تب تک وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ مظاہرین نے نعرے لگاتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کھاد کی قلت کی اصل ذمہ دار کانگریس حکومت ہے۔



