کے کویتا،سنگارینی کے ایچ ایم ایس کی اعزازی صدر منتخب
جنرل باڈی اجلاس میں متفقہ فیصلہ ۔ کئی قراردادیں بھی منظور

کے کویتا،سنگارینی کے ایچ ایم ایس کی اعزازی صدر منتخب
جنرل باڈی اجلاس میں متفقہ فیصلہ ۔ کئی قراردادیں بھی منظور
سنگارینی کے ایچ ایم ایس کی جانب سے صدر تلنگانہ جاگروتی و رکن قانون ساز کونسل بی آر ایس کلواکنٹلہ کویتا کو باوقار طور پر ایچ ایم ایس کی اعزازی صدر منتخب کیا گیا۔ منچریال ضلع کے سری رام پور میں ایچ ایم ایس کاجنرل باڈی اجلاس منعقد ہوا ۔ اس موقع پر تنظیم کے جنرل سکریٹری ریاض احمد نے کلواکنٹلہ کویتا کے نام کی تجویز پیش کی جسے تمام اراکین نے اتفاق رائے سے منظور کیا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ این نرسمہا ریڈی کے بعد ایچ ایم ایس کی اعزازی صدر کے عہدہ پر منتخب ہونے والی کلواکنٹلہ کویتا دوسری بی آر ایس قائد ہیں۔اجلاس میں کئی اہم فیصلے اور قراردادیں منظور کی گئیں۔ جن میں خاص طور پر پرانی وی آر ایس اسکیم کی بحالی، نیلامی کے بغیر تلنگانہ کے کوئلہ بلاکس کو سنگارینی کے حوالے کرنے، سنگارینی مزدوروں کے لئے پرکس ری ایمبرسمنٹ کے تحت انکم ٹیکس ریٹرن کی فراہمی، عرفی نام (Alias) اور مختلف ناموں کی وجہ سے مسائل جھیل رہے مزدوروں کو ون ٹائم سیٹلمنٹ کے تحت باقاعدہ بنانا، بیماری کی وجہ سے زیر زمین کام کے لیے نااہل قرار دیئے گئے اور سطحی کام پر تعینات مزدوروں کو بنیادی تحفظ اور موزوں روزگار فراہم کرنا، مزدوروں کے لئے ذاتی مکان اسکیم نافذ کرنا، زیر التواء ویجلنس مقدمات کو منظم طور پر نمٹانا، جئے پور پاور پلانٹ میں کام کرنے والے بے گھر افراد کو مستقل کرنا، سنگارینی مزدوروں کو کمپنی کے منافع میں 35 فیصد حصہ دینا اور کنٹراکٹ ورکرس کو 10 فیصد حصہ فراہم کرنا شامل ہے۔اس کے علاوہ سنگارینی میں خدمات انجام دینے والی خواتین کو ان کی تعلیمی قابلیت کے مطابق ملازمتیں فراہم کرنے پر بھی زور دیا گیا۔



