حیدرآباد کے بالاپور میں گنیش لڈوکاریکارڈقیمت 35لاکھ روپئے میں ہراج

حیدرآباد کے بالاپور میں گنیش لڈوکاریکارڈقیمت 35لاکھ روپئے میں ہراج
حیدرآباد، 6 ستمبر: شہرحیدرآباد کے بالاپور کے مشہور گنیش لڈو کاگنیش وسرجن کے موقع پر ہفتہ کو ہراج کیا گیا اور یہ ریکارڈ قیمت 35 لاکھ روپے میں فروخت ہوا، جو پچھلے سال کی بولی سے 5 لاکھ روپے زیادہ ہے۔ہراج بالاپور گنیش اُتسو سمیتی کی جانب سے منعقد کیا گیا جس میں کرمن گھاٹ کے ایل دشرتھ گوڈ نے کامیاب اورریکارڈ بولی دے کراس لڈو کو حاصل کر لیا۔ہراج کی بولی 1,116 روپے سے شروع ہوئی اور مختصر وقت میں پچھلے سال کی 30.01 لاکھ روپے کی بولی تجاوزکر گئی، جس کے بعد گوڈ کامیاب بولی دہندہ قرار پائے۔گوڈ نے کہا”میں پچھلے چھ سال سے لڈو کے ہراج میں حصہ لیتا آ رہا ہوں اور بھگوان کی عنایت سے اس بار مجھے یہ ملا۔ میں واقعی خوش ہوں“۔ انہوں نے منتظمین کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انہیں یہ موقع فراہم کیا۔بالاپور گنیش لڈو کے ہراج کا سلسلہ 1985 سے شروع ہوا اور یہ روایت ہر سال جاری ہے۔ یہ لڈو خاص طور پر مقدس سمجھا جاتا ہے کیونکہ اسے گنیش مورتی کی پوجا کے بعد بنایا اور پیش کیا جاتا ہے جسے گنیش کی خوشی اور برکت کا نشان مانا جاتا ہے۔گزشتہ سال بالاپور کے رہائشی کے شنکر ریڈی نے یہ لڈو 30.01 لاکھ روپے میں خریدا تھا۔ پچھلے کامیاب بولی دہندگان کے علاوہ اس سال سات نئے افراد نے بھی ہراج میں حصہ لیا۔دریں اثنا، صبح کے وقت بالاپور کی گنیش مورتی کو معمولی نقصان پہنچا کیونکہ شوبھا یاترا کے دوران اس کا سائز تھوڑا بڑھ جانے کی وجہ سے یہ تنگ گلیوں سے نہیں گزر سکا۔ صبح کی ابتدائی پوجا کے بعد مورتی ایک گھر کی چھت سے ٹکرا گئی جس سے اس کو معمولی نقصان پہنچا اور جلوس روک دیا گیا۔ اس مسئلہ کی وجہ سے ہراج، جو صبح ساڑھے نو بجے شروع ہونا تھا، تقریباً10.45بجے شروع ہو سکی۔بی آر ایس کی رکن اسمبلی پی سبیتا اندرا ریڈی، سابق رکن اسمبلی کرشنا ریڈی، مقامی کارپوریٹرس اور عوام کی بڑی تعداد نے اس ہراج کو دیکھا۔ ہراج میں حصہ لینے والے افراد کا کہنا تھا کہ یہ موقع نہ صرف مذہبی اعتبار سے اہم ہے بلکہ ایک سماجی اور ثقافتی تقریب بھی ہے جہاں کے لوگ خوشی اور عقیدت کے ساتھ شریک ہوتے ہیں۔یہ ہراج سالانہ تقریبات میں سب سے بڑی بولی کے طور پر جانا جاتا ہے اور یہ بالاپور گنیش اُتسو کی شناخت اور روایت کو مزید مضبوط کرتا ہے۔



