اے پی:سات سالہ ننھے لڑکے نے گڑھے میں گرے چھوٹے بھائی کی جان بچائی

اے پی:سات سالہ ننھے لڑکے نے گڑھے میں گرے چھوٹے بھائی کی جان بچائی
حیدرآباد 21جنوری:آندھرا پردیش کے ضلع اننت پور میں ایک 7 سالہ لڑکے کی بہادری اور حاضر دماغی نے ایک بڑا حادثہ ٹال دیا۔اس لڑکے نے اپنے چھوٹے بھائی کو موت کے منہ سے باہر نکال لیا۔ یہ واقعہ اراواکنڈہ کے بھدرپا باوی اسٹریٹ میں پیش آیا جہاں دو معصوم بھائی گھر کے سامنے کھیل رہے تھے کہ اچانک ایک لڑکا پانی سے بھرے گڑھے میں جا گرا۔
مقامی بلدی عملہ نے 15 دن قبل پائپ لائن کی مرمت کے لیے سڑک پر گڑھے کھودے تھے لیکن کام مکمل کئے بغیر انہیں کھلا چھوڑ دیا گیا۔ پائپ لائن سے پانی کے اخراج کی وجہ سے یہ گڑھا گہرے تالاب کی شکل اختیار کر چکا تھا۔ کھیلتے ہوئے 5 سالہ پرنیت کا پیر پھسلا اور وہ اس گہرے پانی میں ڈوبنے لگا۔ اسے ڈوبتا دیکھ کر اس کے 7 سالہ بڑے بھائی لنگیش نے خوفزدہ ہونے کے بجائے فوری طور پر بھائی کا ہاتھ تھاما اور پوری طاقت لگا کر اسے باہر کھینچ لیا۔
اس واقعہ کے بعد مقامی افراداور بچوں کے والدین میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بلدی حکام کی مجرمانہ لاپرواہی کی وجہ سے آج ایک معصوم کی جان جا سکتی تھی۔ اطلاع ملتے ہی جب حکام موقع پر پہنچے تو مکینوں نے ان کا گھیراؤ کیا اور شدید احتجاج کیا۔ مقامی افرادنے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مرمتی کام مکمل کر کے ان گڑھوں کو بھرا جائے تاکہ مستقبل میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ ننھے لنگیش کی بہادری کی پورے علاقہ میں ستائش ہو رہی ہے۔



