تعلیم ؍ ایجوکیشنشہر کی خبریںگوشہ اطفال

جیمس اسکولس ٹولی چوکی میں علم و آگہی کا درخشاں مظاہرہ، ٹیک شالا کے اشتراک سے نالج فیئر کا شاندار انعقاد

دین و دنیا کے حسین امتزاج پر مبنی طلبہ کے تخلیقی ماڈلس، اسلامی اقدار، قومی ورثے اور جدید ٹیکنالوجی کی مؤثر عکاسی

جیمس اسکولس ٹولی چوکی میں علم و آگہی کا درخشاں مظاہرہ، ٹیک شالا کے اشتراک سے نالج فیئر کا شاندار انعقاد
دین و دنیا کے حسین امتزاج پر مبنی طلبہ کے تخلیقی ماڈلس، اسلامی اقدار، قومی ورثے اور جدید ٹیکنالوجی کی مؤثر عکاسی

ایچ ایچ فنکش ہال، لنگر ہاؤز میں جیمس اسکولس کی جانب سے ٹیک شالا کے اشتراک سے ایک بصیرت افروز، علمی و فکری پروگرام“نالج فیئر”کا شاندار انعقاد عمل میں لایا گیا، جس میں کمسن ذہین طلبہ نے دین و دنیا سے مربوط متنوع موضوعات پر مبنی تخلیقی پروجیکٹس پیش کر کے شرکاء کو مسحور کر دیا۔اس علمی میلے میں معصوم طلبہ نے اسلامی تعلیمات پر مبنی قابل ستائش ماڈلس تیار کیے، جن میں بالخصوص ارکان اسلام، اسلامی ستون، حج و عمرہ کے مناسک اور دیگر اسلامی تصورات کو نہایت سلیقے اور فہم کے ساتھ پیش کیا گیا۔ ان ماڈلس کے ذریعے طلبہ نے نہ صرف دینی شعور کا مظاہرہ کیا بلکہ شرکاء کو مدلل انداز میں ان کی افادیت اور معنویت سے بھی آگاہ کیا۔علاوہ ازیں، ملک کی مختلف ریاستوں بشمول تلنگانہ،دہلی، راجستھان اور اتر پردیش کی تہذیبی و ثقافتی شناخت کو اجاگر کرتے ہوئے وہاں کی مشہور و تاریخی عمارتوں کے دلکش ماڈلس بھی پیش کیے گئے۔ طلبہ نے ان ماڈلس کے ذریعے ان ریاستوں کی تاریخ، ثقافت اور تعمیراتی ورثے سے متعلق معلومات فراہم کر کے اپنی تحقیقی صلاحیتوں کا بھرپور ثبوت دیا۔پروگرام کے دوران جدید علوم کی جھلک بھی نمایاں رہی، جہاں طلبہ کو روبوٹکس سے متعلق بنیادی و عملی معلومات فراہم کی گئیں، جس سے ان میں سائنسی تجسس اور تکنیکی شعور کو فروغ ملا۔اس موقع پر چیئرمین جیمس ایجوکیشن سوسائٹی محمد مزمل شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس نالج فیئر کے انعقاد کا واحد مقصد عوام کو تعلیم کی ہمہ گیر اہمیت سے روشناس کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم نہ صرف انسان کی فکری و ذہنی نشوونما کا ذریعہ ہے بلکہ یہ زندگی میں مثبت تبدیلی اور ترقی کی بنیاد بھی ہے۔ آج کے اس پروگرام میں دین اور دنیا دونوں سے متعلق قیمتی معلومات فراہم کی گئیں، جو نئی نسل کی ہمہ جہت تربیت کے لیے ناگزیر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مختلف معزز مہمانان نے اپنی مصروفیات کے باوجود اس پروگرام میں شرکت کر کے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی، جس پر وہ تمام مہمانان کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ اس طرح کے پروگرام مستقبل کے معماروں میں اعتماد، تخلیقی صلاحیت اور تعلیمی شعور بیدار کرنے میں سنگ میل ثابت ہوتے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button