جی آئی ایس سروے شہریوں کو بہتر خدمات کی فراہمی میں ممد ومعاون عوام کسی بھی قسم کی غلط فہمی کا شکار نہ ہوں۔کمشنر امراپالی کٹا کا خطاب

حیدرآباد۔8اگست(آداب تلنگانہ نیوز) جی ایچ ایم سی کمشنر امراپالی کاٹا کی زیر قیادت جی ایچ ایم سی دفتر میںجی آئی ایس سروے سے متعلق ایک اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر سنیہا شبریس کے علاوہ دیگر سرکاری عہدیداروں نے شرکت کی۔اس موقع پر جی آئی ایس سروے کے ذریعہ شہر کے باشندوں کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے شہری منصوبہ بندی اور وسائل کے انتظام کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعدازاں جی ایچ ایم سی ہیڈکوارٹر میںمیڈیا سے بات کر تے ہوئے امرپالی کاٹانے کہا کہ جی آئی ایس سروے شہر کے باشندوں کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے شہری منصوبہ بندی اور وسائل کے انتظام کو بہتر بنانے میں انتہائی معاون و مددگار ثابت ہوگا۔انہوں نے جغرافیائی انفارمیشن سسٹم کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ شہر حیدرآباد کو ملک کے لیے ایک ماڈل بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس کے ایک حصے کے طور پر، شہری منصوبہ بندی اور وسائل کے انتظام کو بہتر بنانے کے لیے، جی ایچ ایم سی کے تحت تمام جائیدادوں اور یوٹیلیٹیز کا نقشہ بنانے کے لیے ایک مربوط جغرافیائی معلوماتی نظام کےلئے سروے کیا جا رہا ہے۔ اس کے لیے نئی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جی آئی ایس کے ساتھ ڈرون کے ذریعہ پورے جی ایچ ایم سی کا سروے اور ریکارڈنگ کی جارہی ہے۔ اس سے تمام سرکاری زمینوں، چھوٹی بڑی سڑکوں، تالابوں اور جھیلوں کے احاطہ کے ساتھ مکمل شہر کا نقشہ بنایاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ تقریباً 650 مربع کلومیٹر کے رقبے پر مشتمل شہر حیدرآباد میں رہائشی اور تجارتی عمارتوں سمیت تقریباً 19 لاکھ 43 ہزارتعمیری ڈ ھانچے ہیں جن میں سے 2.7 لاکھ عمارتیں کمرشیل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی آئی ایس سروے مکمل ہونے کے بعد ہر گھر کے لیے ایک ڈیجیٹل ڈور نمبر مقرر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ جی آئی ایس ڈیجیٹل بورڈ ہر گھر کے سامنے نصب کیا جائے گا جس کے ذریعہ شہر کے عوام اپنے گھروں سے سرکاری خدمات حاصل کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہر گھر کے سامنے ڈیجیٹل بورڈ لگانے سے عوام کے لیے بہت سے فوائد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سروے میں سب کو شامل کیا جائے گا ۔انہوںنے کہاکہ پراپرٹی ٹیکس میں اضافہ کی ضرورت نہیں ہے ۔ اس سلسلہ میں کسی کو بھی تشویش اورفکر نہیں کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سروے سیٹلائٹ اور ڈرون فزیکل سروے کے ذریعے کیا جا رہا ہے اور فزیکل سروے میں ذاتی تفصیلات نہیں پوچھی جا رہی ہیں۔انہوں نے شہر کے عوام سے جی ایچ ایم سی میں ہونے والے فزیکل سروے میں تعاون کر نے پر زور دیا ہے۔ امراپالی کاٹا نے کہاکہ عوام کسی بھی قسم کی غلط فہمی کا شکار نہ ہوں بلکہ سروے میں تعاون کرےں ۔انہوںنے کہاکہ سروے کے باعث تمام کالونیوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی میں آسانی پیدا ہوگی۔انہوںنے کہاکہ بحالت موجودہ 90ٹیمیں کام کررہی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ضرورت کے لحاظ سے ٹیموں میں اضافہ کیاجائے گا اور سروے کو اندرون 6ماہ مکمل کرلیاجائے گا۔



