منحرف ارکان اسمبلی معاملہ: اندرون چارہفتے فیصلہ کرنے ہائی کورٹ کی اسپیکر کو ہدایت

حیدرآباد، 9 ستمبر (آداب تلنگانہ نیوز): ہائی کورٹ نے تلنگانہ میں پارٹی سے منحرف ہونے والے ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دینے کے سلسلے میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے اسپیکر کے دفتر کو اس معاملے میں اندرون 4 ہفتے فیصلہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ عدالت نے سکریٹری مقننہ کو ہدایت دی کہ وہ اندرون چار ہفتے رپورٹ پیش کرے، ایسا نہ کرنے کی صورت میں عدالت اپنے طور پر معاملے کی سماعت کرے گی۔
ریاست کی اصل اپوزیشن بی آر ایس سے حکمران جماعت میں شامل ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دینے کے لیے ہائی کورٹ میں کئی درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔ یہ درخواستیں بی آر ایس اور بی جے پی کے لیڈروں نے دائر کیں۔ بی آر ایس لیڈر کوشک ریڈی اور وویکانند گوڑ نے ناگیندر، کڈیم سری ہری اور وینکٹ راو کے خلاف کارروائی کرنے کی اسپیکر کو ہدایت دینے کی ہائی کورٹ سے درخواست کی۔ بی جے پی ایم ایل اے مہیشور ریڈی نے بھی منحرف ارکان کو نااہل قرار دینے کی درخواست کی۔
اس معاملے پر عدالت میں تفصیلی بحث ہوئی۔ درخواست گزاروں نے عدالت کو توجہ دلائی کہ اسپیکر سپریم کورٹ کے احکامات پر توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد اسپیکر کے دفتر کو چار ہفتوں میں فیصلہ کرنے کی ہدایت دی۔



