تلنگانہ ؍ اضلاع کی خبریں

ہر سال بافندوں کو 1.3کروڑ ساڑیوں کا آرڈر دینے کا فیصلہ:ریونت ریڈی

آئی آئی ٹی ایچ کا آغاز ۔بافندوں کے بقایہ جات کی اجرائی ۔قرضہ جات کی معافی کا بھی اعلان

حیدرآباد، 9 ستمبر (آداب تلنگانہ نیوز): چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت سالانہ 63 لاکھ سیلف ہیلپ گروپس کے ارکان میں دو دو ساڑیاں تقسیم کرے گی۔ انہوں نے عہدیداران کو ہدایت دی کہ وہ بہترین ڈیزائن اور معیاری ساڑیوں کی تیاری کے سلسلے میں اقدامات روبہ عمل لائیں۔ اس ضمن میں ریاستی حکومت نے ہر سال بافندوں کو 1.3 کروڑ ساڑیوں کی تیاری کے آرڈرز دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ آج انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ہینڈ لوم ٹکنالوجی (آئی آئی ایچ ٹی) کے آغاز کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

ریونت ریڈی نے کہا کہ نئے قائم کردہ آئی آئی ایچ ٹی کو مجاہد آزادی اور تلنگانہ کے نظریہ ساز کونڈہ لکشمن باپوجی کے نام سے موسوم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں عہدیداران کو احکامات کی اجرائی کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ کوآپریٹیو سوسائٹیز (سمیکھیا سنگھالو) کے انتخابات کے انعقاد کے لئے ایکشن پلان کی تیاری عمل میں لائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے بافندوں کے 290 کروڑ روپے کے بقایہ جات جاری کیے ہیں۔

چیف منسٹر نے یہ بھی اعلان کیا کہ ہینڈلوم کے 30 کروڑ روپے مالیت کے بافندوں کے قرضہ جات بھی معاف کر دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں تلنگانہ کے طلبہ کو آئی آئی ایچ ٹی کی تعلیم کے حصول کے لیے اوڈیشہ اور آندھرا پردیش کا رخ کرنا پڑتا تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر پیوش گوئل سے تلنگانہ میں آئی آئی ایچ ٹی کے قیام کی اپیل کی گئی جس پر انہوں نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔

چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں طلبہ کو اسکل تربیت کی فراہمی کے لیے پہلے ہی اسکل یونیورسٹی کا آغاز کیا گیا ہے۔ ریونت ریڈی نے مزید کہا کہ آئندہ سال اسکل یونیورسٹی میں آئی آئی ایچ ٹی کیمپس کے قیام کے لیے ضروری اقدامات روبہ عمل لائے جائیں گے۔

اس موقع پر وزیر زراعت تملا ناگیشور راو، چیف سکریٹری شانتی کماری، میئر حیدرآباد گدوال وجئے لکشمی، رکن اسمبلی نامپلی مجلس ماجد حسین اور دیگر موجود تھے۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button